پولٹری سیکٹر نے ملک کے دوسرے بڑے کاروباری شعبہ کا درجہ حاصل کرلیا

178
poultry sector

فیصل آباد۔ 11 اکتوبر (اے پی پی):قیام پاکستان کے بعد سے اب تک پاکستان کی آبادی میں 21کروڑ افراد کا اضافہ ہواہے جبکہ24 کروڑ سے زائد آبادی کے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب سے پولٹری سیکٹر نے ٹیکسٹائل کے بعد غذائی ضروریات کے حوالے سے دوسرے بڑے کاروباری شعبہ کا درجہ حاصل کرلیاہے نیز جامعات میں تحقیقات کے نتیجہ میں سامنے آنے والے علوم اور ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے نیوٹریشن سے بھرپور غذا کی فراہمی کا اہتمام ہواہے بلکہ پھلوں، سبزیوں اور پولٹری کے شعبہ جات میں نمایاں ترقی بھی عمل میں آئی ہے۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے فوڈ نیوٹریشنز نے بتایاکہ ان کا ادارہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی وساطت سے نہ صرف اپنے اساتذہ کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں اضافہ کر رہا ہے بلکہ ہزاروں طلبہ کمیشن کے وظائف پر یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قیام پاکستان کے وقت ملک کی آبادی تین کروڑکے قریب تھی جبکہ آج 24کروڑسے زائد انسانوں کی غذائی ضروریات پوری ہورہی ہیں نیز پولٹری سیکٹر ٹیکسٹائل کے بعد ملک کا دوسرا بڑا کاروباری شعبہ بن چکا ہے جو ایک طرف لاکھوں افراد کیلئے روزگار کا اہتمام کرتا ہے تو دوسر ی جانب عوام کیلئے پروٹین کی ضروریات بھی پوری کر رہا ہے۔