پولٹری فارمرز کوموسم سرما کے دوران شیڈز کا درجہ حرارت 75 سے80فارن ہائٹ تک رکھنے کی ہدایت

155

فیصل آباد۔ 17 دسمبر (اے پی پی):ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز،لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ماہرین نے کہا کہ پولٹری فارمرز موسم سرما کے دوران مرغیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کریں اور شیڈ کی اچھی طرح صفائی سمیت اچھی قسم کے سپرے یا جراثیم کش ادویات کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو صحت مند مرغیوں کے گوشت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک اینڈ پولٹری فارمرز خصوصاً مرغی پال حضرات شیڈ کا درجہ حرارت 75تا 80فارن ہائٹ تک برقرار رکھیں اور سردیوں میں ٹھنڈی ہو اسے بچاؤ کیلئے پلاسٹک کے پردے لگانے سے پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ پلاسٹک کے پردوں سے شیڈ میں نمی کا خدشہ ہوتا ہے جس سے پرندے دم گھٹ کر مر سکتے ہیں اسلئے موٹے جینز کے پرد وں کو استعمال میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈ میں تازہ ہوا کی آمد و رفت کا مناسب انتظام ہونا چاہیے جس کی وجہ سے سانس کی بیماریوں کا امکان بہت حد تک کم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کو پردے نیچے کرتے وقت تازہ ہوا کیلئے تھوڑا بہت راستہ رکھیں نیز شیڈز کا درجہ حرارت برقرار رکھنے کیلئے ہیٹر یا بھٹی کا استعمال کیا جائے اور اس بات کا خیال رہے کہ دھواں جمع نہ ہو کیونکہ دھویں سے پرندوں کے پھیپھڑوں پر اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورا یا چاول کا چھلکا نیچے استعمال کیا جائے اور جب یہ گیلا ہو جائے توا سے فوراً بدل دینا چاہیے۔