پولیس اسٹیشن کاہنہ کی حدود میں ایک گھر سے 4 نعشیں برآمد،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی

77

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گجومتہ کے علاقے میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے-

انہوں نے قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔عثمان بزدار نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ ترجمان پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن کاہنہ کی حدود میں ایک گھر سے 4 نعشیں برآمد ہوئی ہیں،

صوبائی دارالحکومت کے علاقہ الحیات ٹاون نزد داود فارمیسی فیزوز پو روڑ گجومتہ لاہور کے ایک گھر سے 4 افراد کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں- مقتولین میں 42 سالہ ڈاکٹرناہید مبارک زوجہ سبطین احمد اور اس کے 3 بچے 21 سالہ تیمور سلطان ،15 سال ماہ نور فاطمہ ،10 سالہ جنت فاطمہ شامل ہیں- واقع کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی-

سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی آپریشنز ماڈل ٹائون سے رپورٹ طلب کرلی ہے-ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور ،ایس پی آپریشنز ماڈل ٹائون ،ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹائون،پولیس اور فرانزک ٹیموں نے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دئیے-

ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور نے کہا ہے کہ ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹائون کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے,ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، پولیس اور فرانزک ٹیمیں ہر پہلو سے معاملہ کی تفتیش کر رہی ہیں-

انہوں نے کہا کہ مقتول ڈاکٹر ناہید اور بچوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا،ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا-آئی جی پنجاب را ئوسردار علی خان نے بھی کاہنہ میں گھر سے چار افراد کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ فرانزک ٹیموں کی مدد سے واقعہ کی فوری تحقیقات کی جائیں اورملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔