پولیس افسران بہترین ٹریننگ کو دہشت گردوں، جرائم پیشہ لوگوں ، قبضہ گرپوں کی سرکوبی کے لئے استعمال میں لائیں، آئی جی پنجاب

79

لاہور۔29جنوری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس افسران دنیا کی بہترین ٹریننگ کو دہشت گردوں، کریمنلز، قبضہ گرپوں کی سرکوبی کے لئے استعمال میں لائیں، افواج پاکستان، رینجرز، لیویز اور پولیس سمیت ہم سب وردی والے پاکستان کی حفاظت کے لئے ایک ہیں، ملکی تعمیر و ترقی اور قوم کے دشمنوں کو اٹھا کے بحیرہ عرب میں پھینک دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں پروبیشنر افسران کے دوسرے بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے دو سال میں سرحدی چوکیوں پر خوارج کے 17 حملے ناکام بنائے، سرحدی چوکیوں کو مضبوط بنانے کے لئے، جدید ترین اسلحہ، تھرمل امیجنگ کیمرے، ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کی گئی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ 1 ہزار سے زائد اے ایس آئی، 400 سے زائد سب انسپکٹرز، 80 سے زائد انسپکٹر ز پی پی ایس سی کے ذریعے بھرتی کر رہے ہیں، رواں سال ہونے والی ترقیوں کے لئے پروموشن بورڈز کا قبل از وقت ہی تعین کیا جا چکا ہے، آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں ڈی ایس پیز کے اگلے بیج کی پروموشنز ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی میں ایس پیز کی نئی آسامیوں کے لئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ڈی آئی جی محبوب اسلم نے کہا ہے کہ ٹریننگ کالج چوہنگ میں پولیس افسران و ریکروٹس کو بہترین تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ کمانڈنٹ پی ٹی ایس چوہنگ ٹریننگ کورس مکمل کرنے والوں میں 43 ایم فل، ایم ایس سی، ایم اے اور 71 بی اے ، بی ایس کی ڈگریاں رکھنے والے افسران شامل ہیں۔

ٹریننگ مکمل کرنے والے پروبیشنرز میں اے ایس آئی سے انسپکٹر رینک کے 115 افسران شامل تھے۔22 خواتین سمیت 1 انسپکٹر لیگل، 84 سب انسپکٹرز، 20 اے ایس آئیز نے 7 ماہ دورانیئے کا پروبیشن کورس مکمل کیا۔آئی جی پنجاب نے پریڈ کا معائنہ کیا، پاس آوٹ ہونے والے افسران نے مارچ پاسٹ کیا اورآئی جی پنجاب کو سلامی پیش کی۔ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و دیگر میں شیلڈز، اعزازی شمشیر و کیش انعامات تقسیم کئے۔کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ڈی آئی جی محبوب اسلم نے آئی جی پنجاب کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔