مانسہرہ۔ 18 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع ﷲ گنڈا پور نے کہا ہے کہ پولیس افسران عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں، تمام تھانوں کی حدود سے جرائم کے خاتمہ، منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے کےلئے ایس ایچ او مزیدکریک ڈائون کریں۔ سٹی ڈویژن کے افسران سے ڈی پی او آفس میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جرائم، قبضہ مافیا، مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں و جرائم کے تدارک کے حوالہ سے تفصیلی جائزہ لیا اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے کہا کہ عوام کےلئے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ایس ایچ اوز اور محرر ان کی ذمہ داری ہے کہ تھانوں سے ٹائوٹ ازم کا مکمل خاتمہ کیا جائے، تھانہ کلچر میں بہتری اور عوام کو ریلیف دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے ۔
میٹنگ میں ایس پی سٹی اور ایس پی انوسٹی گیشن سمیت سٹی ڈویژن کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور محرر ان نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈویژن بھر میں جرائم بالخصوص قبضہ مافیا، مجرمان اشتہاریوں، منشیات فروشوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں و جرائم کے تدارک کے حوالہ سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس افسران عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں، تمام تھانوں کی حدود سے جرائم کے خاتمہ خصوصاً منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے کےلئے ایس ایچ او کو مزید سخت کریک ڈائون کئے جائیں۔ انہوں نے محرر سٹاف کو تھانے آنے والے درخواست گزاروں کے ساتھ اچھے اخلاق و رویہ سے پیش آنے ،قانون کے تقاضے پورے کرتے ہوئے عوام کی شکایات کے بروقت ازالہ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔