اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے پولیس افسروں کو عوام کی خدمت کرنے اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران و اہلکار کسی بھی وقت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریزنہیں کرتے۔
وہ بدھ کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر افسروں اور جوانوں سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر داخلہ نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں میں پولیس میڈلز کے احکامات تقسیم کئے۔آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور دیگر سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے 14 افسران و اہلکاروں کو قائد اعظم پولیس میڈلز اور 14 کوپاکستان پولیس میڈلز سے نوازا۔یہ پولیس افسران و اہلکار 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر وزارت داخلہ کی طرف سے ان ایوارڈز کے لئے نامزد کئے گئے تھے۔آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں اور ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کوحکومتِ پاکستان کی طرف سے تمغہ شجاعت دیا گیاہے ۔
وزیر داخلہ نے تمام افسران و اہلکاروں کو مبارک باد دی۔پولیس افسران و اہلکاروں کو عرصہ دراز سے یہ میڈلز نہیں مل رہے تھے۔وزیر داخلہ کو اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں کی جانے والی ریفارمز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ تمام تھانوں میں تفتیش کو بہتر خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔آپریشنز ڈویژن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کےلیے تھانہ کی سطح پر تنظیم نو کی گئی ہے۔
ہرایس ایچ اوکے ساتھ دو مزید افسر انچارج آپریشنز اور انچارج ایڈمنسٹریشن کا تقرر کیا جارہا ہے۔ایس ایچ او تفتیش کے شعبہ کا سربراہ ہوگا ۔امن عامہ اور کمیونٹی پولیسنگ انچارج آپریشنز کی ذمہ داری ہوگی ۔انچارج ایڈمنسٹریشن افرادی وسائل اور ریکارڈ کا ذمہ دار ہوگا ۔انچارج ایڈمنسٹریشن عدالتی احکامات کا تعمیلی افسر کا کردار بھی ادا کرے گا۔