اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے اپنے دفتر میں پولیس افسران کے پیشہ ورانہ اور ذاتی خدشات کو دور کرنے کے لئے میٹنگ کا انعقاد کیا اور ان کے مسائل کے حل کو بروقت یقینی بنایا۔تعلقات عامہ کے ایک افسر نےبتایا کہ سیشن میں پولیس افسران نے شرکت کی
جنہوں نے تبادلوں، تعیناتیوں اور دیگر سرکاری اور ذاتی معاملات سے متعلق مسائل کو اٹھایا۔ ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے بعض تحفظات کے ازالے کے لیے فوری ہدایات جاری کیں جبکہ باقی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئیں۔
ڈی آئی جی نے کہا کہ محکمہ پولیس ادارہ جاتی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے انعام اور احتساب کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ غیر معمولی خدمات کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا جبکہ غفلت برتنے والوں کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کے لیے متعدد فلاحی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں جن میں بہتر رہائش، معیاری صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کی بہتر سہولیات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو کوئی مشکل درپیش ہے تو میرے دفتر کے دروازے آپ کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ ہم سب کو مل کر اس شہر کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آرڈرلی روم کا مقصد پولیس افسران کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا اور ان کے حوصلے بلند کرنا ہے۔