لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا یوتھ انگیجمنٹ پروگرام تمام ریجنز و اضلاع میں جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس انٹرن شپ کے آٹھویں بیج کا آغاز ہو گیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں سٹوڈنٹ انٹرن شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی،اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار نے انٹرن شپ کے آٹھویں بیج میں شامل لاہور گریژن یونیورسٹی میں مختلف ڈگری پروگرامز کے 38 طلبہ کو انٹرن شپ پروگرام کے فیچرز بارے آگاہ کیا۔
اے آئی جی ٹریننگ فیصل مختار نے کہا کہ انٹرن شپ میں شامل طلبہ کو گروپس میں 06 ہفتے دورانئے کیلئے مختلف فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ اٹیچ کیا گیا ہے، طلبہ کو فیلڈ پولیسنگ، انسداد جرائم اور پبلک سروس ڈلیوری کے پراجیکٹس بارے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، سیف سٹی اتھارٹی اور انویسٹی گیشن میں پولیسنگ امور بارے مکمل آگاہی دی جائے گی، طلبہ انٹرن شپ سے حاصل ہونے والے مشاہدات بارے اپنی پریزنٹیشن رپورٹس بھی پیش کریں گے۔ فیصل مختار نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس تعلیم و تحقیق کے میدان میں طلبا و طالبات کے ساتھ براہ راست رابطے کو فروغ دے رہی ہے، سٹوڈنٹ انٹرن شپ سے طلبہ کو اپنے کیریئر ڈویلپمنٹ میں مناسب راہنمائی حاصل ہو گی۔