پشاور۔ 29 جنوری (اے پی پی):چارسدہ کے تھانہ مندنی پولیس اور پاک آرمی نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ چارسدہ پولیس کے مطابق آپریشن ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر کی ہدایات پر ڈی ایس پی سرکل تنگی زرداد علی خان کی قیادت میں کیا گیا۔ آپریشن میں ایس ایچ او مندنی واجد خان ، ایلیٹ فورس ، پاک آرمی ، خواتین پولیس ٹیم اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران درجنوں گھروں کو بذریعہ لیڈی کانسٹیبل چیک کرکے 30 مشتبہ افراد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرکے ایک پستول ، دو رائفل، ایک بندوق اور درجنوں کارتوس برآمد کر لئے گئے۔ جدید ٹیکنالوجی وی وی ایس اور سی آر وی ایس سسٹم کے تحت 23 گاڑیوں اور 25 افراد کی ویریفکشن کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553362