کوئٹہ۔ 10 اپریل (اے پی پی):ـوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کے لہو کا حساب ضرور لیا جائے گا اور اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔
سی ایم ہائوس سے جاری بیان میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کمزور نہیں ،صوبے کے امن کو تباہ کرنے والے عناصر کو سخت ترین جواب دیا جائے گا ،دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی سے ان کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی ۔میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، کسی کو اس میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔میر سرفراز بگٹی نے شہید پولیس جوانوں کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580188