قصور۔ 16 اگست (اے پی پی):قصور کے تھانہ اے ڈویژن کی پولیس نے قبرستان خواجہ صاحب کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں انتہائی مطلوب زخمی ڈاکو کی شناخت نعمان عرف نومی سکنہ کوٹ بلوچاں قصور کے نام سے ہوئی ۔زخمی ڈاکو انتہائی خطرناک تھا جو سٹریٹ کرائم 08 وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
زخمی ڈاکو اپنے ساتھی کے ہمراہ گریڈ اسٹیشن کے قریب سے شہری شبیر حسین سے 37 ہزار روپے چھین کر فرار ہو رہا تھا۔ قبرستان خواجہ صاحب کے قریب ناکہ بندی کے دوران پولیس پر فائرنگ کر دی ۔ اپنے ساتھی کی فائرنگ سے نعمان عرف نومی زخمی ہو گیا جس کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ۔
گرفتار زخمی ڈاکو کے قبضہ سے شہری سے چھینی گئی رقم اور پسٹل برآمد کر لیا گیا۔ تھانہ اے ڈویژن پولیس نے فرار ہونے والے ڈاکو کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔