لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے تھیلسیمیا سے نبرد آزما بچوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے پر عزم ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت مختلف اضلاع میں تعینات پولیس ملازمین کے تھیلسیمیا کا شکار بچوں کیلئے تھرڈ کوارٹر ہیلتھ وظائف کی رقوم جاری کر دی گئی ہیں۔تھیلسیمیا کا شکار 154 بچوں کو 15 ہزار روپے ماہانہ فی کس کے تناسب سے طبی اخراجات کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ جولائی تا ستمبر اخراجات کیلئے 45 ہزار روپے فی کس ، مجموعی طور پر 69 لاکھ 53 ہزار روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔تھیلسیمیا سے متاثرہ ہر بچے کو 15 ہزار روپے ماہانہ،01 لاکھ 80 ہزار روپے سالانہ دئیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے بلڈ ٹرانسفیوژن کے لئے سندس، فاطمید، النور فاونڈیشن سمیت مختلف اداروں، ہسپتالوں سے معاہدے کئے ہیں۔تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کا جدید ترین طریقہ اور ریسرچ کے مطابق علاج کروایا جا رہا ہے۔
تھیلسیمیا ایک کڑا چیلنج ہے، والدین کے تعاون سے بیماری کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کو نارمل زندگی گزارنے کے لئے بھرپور وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، تھیلسیمیا سے متاثرہ بچوں کا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے، کامیاب شہری بنانے کے لئے مکمل سپورٹ جاری رہے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ملازمین اپنے بچوں کے علاج میں معاونت کے لئے ہمارے پھول پراجیکٹ کے تحت رجسٹریشن کروائیں۔