پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں کورسز کی گریجویشن تقریب کا انعقاد

20

حیدرآباد۔ 16 جون (اے پی پی):پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں اپر، انٹرمیڈیٹ اور لوئر کورسز کی گریجویشن تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس شہید بینظیر آباد ریجن کیپٹن (ریٹائرڈ) پرویز احمد چانڈیو تھے۔ ڈی آئی جی پرویز چانڈیو نے ٹریننگ مکمل کرنے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تربیت یافتہ پولیس اہلکار عوام اور پولیس کے درمیان ایک مؤثر پل بن سکتے ہیں، جس سے باہمی اعتماد میں اضافہ اور جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں جا کر تمام افسران اپنی تعلیم اور تربیت کو عملی زندگی میں لاگو کریں تاکہ عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔

تقریب کے آغاز پر ایس ایس پی و پرنسپل پولیس ٹریننگ کالج زاہدہ پروین (PSP) نے مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہا اور کالج آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی آئی جی پرویز چانڈیو نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعامات سے نوازا اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔ پرنسپل زاہدہ پروین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں جدید سہولیات کی فراہمی اور جدید طرزِ تربیت کے ذریعے محکمہ پولیس کے مورال میں اضافہ ہوگا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم کے خاتمے میں مزید مؤثر کردار ادا کریں گے۔ تقریب میں پولیس افسران، ٹرینرز، مہمانانِ گرامی اور پاس آؤٹ ہونے والے امیدواروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔