مظفرگڑھ۔ 02 جولائی (اے پی پی):مظفرگڑھ تھانہ صدر سرور شہید کی حدود میں تاجر رقم چھین کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں نے تعاقب کرنیوالے پولیس اہلکاروں پرفائرنگ کر دی، ایک ڈاکو اپنی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار ہو گیا ،دیگر ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،چھینی گئی نقد رقم 2 لاکھ 17 ہزار اور ڈکیتی میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی گئی ،
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید کی حدود میں تاجر سے 4 مسلح ڈاکوؤں کی طرف سے 2 لاکھ 17 ہزار چھیننے کی واردات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکووں کا تعاقب کیا تو اڈہ کھڑکن کے مقام پر ایس ایچ او عرفان فیض اور اس کی ٹیم پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی،ایس ایچ او اور اس کی ٹیم نے حفاظت خود اختیاری میں بھرپور جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک ڈکیت اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا،
پولیس نے ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار زخمی ڈکیت کی شناخت جمیل کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ڈکیت سے چھینی گئی نقد رقم 2 لاکھ 17 ہزار اور ڈکیتی میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل بھی برامد کر لیا ہے، پولیس کے مطابق بر آمد ہونے والا موٹر سائیکل بھی 3 روز قبل ڈکیتی کیا گیا تھا، ڈکیت پر ضلع ملتان و لیہ میں 18 سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں،زخمی ڈکیت کو برائے علاج و معالجہ ہسپتال شفٹ کر دیا گیا ہے۔