احمدپورشرقیہ۔ 04 دسمبر (اے پی پی):پولیس پکار 15سنٹرالائزڈ سسٹم کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے ۔ ماہ نومبر 2023میں کل57064 ایمرجنسی کالز میں سے 49125فیک اور غیر متعلقہ موصول ہوئیں۔
ڈی پی او بہاولپور سید محمد عباس کی ہدایات کے مطابق پکار 15سنٹرالائزڈ سسٹم بہاول پور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ سنٹرالائزڈ اور 24/7انچارج محمد اقبال کی نگرانی میں ایکٹیو ہے۔ ماہ نومبر2023میں پکار 15 سنٹرالائزڈ سسٹم پر کل 57064کالز موصول ہوئیں، جن میں 4710کالز پر فوری مدد فراہم کی گئی، اسی طرح 1868کالز پر شہریوں کی رہنمائی کی گئی جبکہ 49125جھوٹ پر مبنی اور 1236(Repeated)کالز موصول ہوئیں۔ ٹریفک کیسز سے متعلق 125کالز موصول ہوئیں،جس پر شہریوں کو مدد اور رہنمائی فراہم کی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید محمد عباس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام ایمرجنسی صورتحال میں پکار 15پر اطلاع دیتے ہیں،متعلقہ پولیس کی طرف سے بروقت ریسپانس ملے تو عوام کا پولیس پر اعتماد بھی بڑھ جاتا ہے جبکہ معاشرہ سنگین وارداتوں اور ان کی حساسیت سے بھی محفوظ ہو جاتا ہے،اگر متعلقہ پولیس بروقت ریسپانس نہ کرے تو عوام کی طرف سے جہاں پر پولیس کے حوالے سے منفی تاثرات بڑھنا شروع ہو جاتے ہیں وہاں پر وارداتوں کے وقوع پذیر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، پولیس کا اولین فرض ہے کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ کو یقینی بنائے۔
شہریوں سے اپیل ہے کہ صرف سچ اور حقیقت پر مبنی اور ایمرجنسی صورت حال کے پیش نظر پکار 15پر کال کریں تاکہ عوام الناس کو پولیس کی بروقت اور فوری امداد میسر ہوسکے اور سماج دشمن عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے سے روکا جاسکے۔\