فیصل آباد ۔ 03 فروری (اے پی پی):پولیس ترجمان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد کپٹن (ر) محمد علی ضیا کی ہدایت پر ضلع بھر میں الیکشن کوڈ آف کنڈیکٹ پر من و عن عمل درآمد کروایا جا رہا ہے خصوصاً اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اسی طرح ضلعی پولیس نے سیاسی جلسوں یا شاہراہِ عام پر اسلحہ کی نمائش کرنیوالے افراد کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 27 مقدمات درج کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پندرہ روز سے اسلحہ ناجائز کیخلاف جاری مہم میں 360 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسر نے مزید ہدایات جاری کیں ہیں کہ تمام سرکل افسران و ایس ایچ اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ 8فروری کو ہونے والے جنرل الیکشن کے موقع پر کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستا ن کی جاری کردا کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ناجائز اسلحہ و ہوائی فائرنگ کی روک تھام کیلئے اچھی اور موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے ا سپیشل اسکواڈز تشکیل دیئے گئے ہیں تاکہ الیکشن کے پر امن انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسرکی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ گڑھ انسپکٹر ناصر یقوب نے فوری کاروائی کرتے ہوئے اسلحہ کی نمائش کرنے والے 3افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔