فیصل آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی):پولیس نے انسداد سموگ ایکشن کے تحت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے آلودگی کا سبب بننے والی فیکٹریوں،کارخانوں، بھٹے اور گاڑیاں کے مالکان کے خلاف 12مقدمات کا اندارج کرلیا۔
ترجمان فیصل آباد پولیس کے مطابق سی پی او فیصل آباد کامران عادل نے سموگ کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر انسداد سموگ ایکشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دیں جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں،کارخانوں، بھٹے اور گاڑیاں جو فضائی آلودگی کا سبب بن رہی ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ24گھنٹوں میں خلاف ورزی کرنے والی فیکٹریوں،کارخانوں، بھٹے اور گاڑیوں کے خلاف ضلع فیصل آبادمیں 12مقدمات کا اندارج کیا گیا جس میں 10 تھانہ ٹھیکری والا اور 2 مقدمات تھانہ سٹی جڑانوالہ میں درج کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں سموگ کے بچاؤ اور آلودگی کے متعلق شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہری سموگ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں گھروں سے نکلنے سے پہلے چہرہ ڈھانپ لیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔