قصور. 08 جولائی (اے پی پی):ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر پولیس کا سرائے مغل کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران 10 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے ساڑھے 04 کلوگرام چرس، 40 لٹر شراب، 04 پسٹل اور 02 چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہیں ۔سرچ آپریشن کے دوران سنگین واردتوں میں مطلوب ایک متحرک ڈاکو کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کے قبضے سے شہریوں سے چھینی گئی 70 ہزار نقد رقم برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس ترجمان قصور نے بتایاکہ سرچ آپریشن ڈی ایس پی سٹی سیف اللہ بھٹی کی سربراہی میں تھانہ کی بھاری نفری ایلیٹ فورس اور لیڈی سٹاف پر مشتمل ٹیموں نے کیا۔انہوں نے بتایاکہ سرچ آپریشن کے حسین خانوالا، بازیدپور، کھریپڑ ہٹھاڑ، تارا گڑھ، رسولنگر اور ساندہ پھاٹک دیہات میں کیا گیا۔سرچ آپریشن کے دوران 100 گھروں کو چیک کیا گیا جبکہ 150 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ سرچ آپریشن کا مقصد سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔