پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری

82
پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری

راولپنڈی۔13اپریل (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کر لیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ڈرگ فری پنجاب” ویژن کے تحت سی پی او سید خالد ہمدانی کی خصوصی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 600 گرام آئس اور 5 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کر لی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے آغاز سے اب تک 100 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کے قبضے سے 4 کلو گرام سے زائد آئس، 1500 گرام ہیروئن اور ساڑھے 4 من سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔ گزشتہ روز چکلالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم تنویر اختر سے 600 گرام آئس، جبکہ ملزم شیر عالم سے 1 کلو 480 گرام چرس برآمد کی۔ اسی طرح صدر بیرونی پولیس نے ملزم غلام مرتضیٰ سے 2 کلو 200 گرام چرس جبکہ ایک اور ملزم تنویر سے 1 کلو 680 گرام چرس قبضے میں لی۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تا کہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات جیسے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔