شیخوپورہ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے ڈی پی اوآفس میں عوام والناس کی سہولت کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ کھلی کچہری کا مقصد عوام و الناس کی شکایات کوترجیح بنیادوں پر سن کران کا فوری حل اور بر وقت کاروائی اور جلد از جلد انصاف کے تقاضوں کو پورا کرناتھا ۔
آنے والے لوگوں کیلئے بیٹھنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے اور شہریوں سے جو درخواستیں موصول ہوئیں ڈی پی او شیخوپورہ نے ان درخواستوں کو سننے کے بعد ان میں سے کچھ درخواستوں کو موقع پر ہی حل کر کے ان کی داد رسی کی ۔ڈی پی او نے کہا کہ ڈسڑکٹ شیخوپورہ کے امن امان کو برقرار رکھنا اور اس کو فری کرائم زون بناناہماری ا ولین ترجحات میں شامل ہے جس کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس دن رات اقدامات کر رہی ہے۔
شیخوپورہ پولیس عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے اپنے تمام تر وسائل اور اختیارات کو بروئے کار لارہی ہے جس میں پولیس کی کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ عوام و الناس کیلئے میرے سمیت تمام پولیس افسران کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔