پولیس کے افسران و جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں، سردار ایاز صادق

"سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے افسران اور جوانوں نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔”

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے افسران اور جوانوں نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور قانون کی بالادستی کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پولیس کے شہدا کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتی ہے، امن و امان کے قیام اور قانون کی حکمرانی کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، پولیس فورس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پولیس فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہلخانہ کے صبر و استقامت اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی