پولیو آگاہی مہم میں میڈیا اور این جی اوز کا کردار انتہائی اہم ہے،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ

192
پولیو

لالہ موسی ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد نے کہا کہ پولیو آگاہی مہم میں میڈیا اور این جی اوز کا کردار انتہائی اہم ہے، پولیو مہم 2 اکتوبر تا 4 اکتوبر تک جاری رہے گی، جبکہ کہ 2 دن فالو اپ مہم ہوگی، پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مائیکرو پلان تشکیل دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں میڈیا اور این جی اوز نمائندگان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈسٹرکٹ کامنیٹ آفیسر رائے محمد شبیر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ثمن اعجاز، ڈی او پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عمر فاروق، میڈیا نمائندگان عامر بیگ، ، نوازش علی نوازش، مرزا انجم مرزا، مرزا شبیر بیگ، حاجی بابا سمیت این جی اوز بارہ دری ویلفیئر سوسائٹی ، پرچم ویلفیئر سوسائٹی سرور صاحب، پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی سرائے عالمگیر ، الخالد ویلفیئر سوسائٹی کھاریاں، گرین ریولوشن سوسائٹی لالہ موسیٰ کے نمائندگان اس موقع پر موجود تھے،

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد نے کہا کہ میڈیا نمائندگان اور این جی اوز پولیو سے بچاو مہم کی گھر گھر مہم کا آگاہی پیغام لوگوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں اور بھرپور تشہیر کریں. ہم سب مل کر ہی پولیو کا خاتمہ کر سکتے ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ گجرات میں 4 لاکھ 96 ہزار 555 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے اور وٹامن اے کے قطرے پلائیں جائیں گے،

پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی، اس کے علاوہ سکولوں، دیہی طبی مراکز ، بڑے سرکاری ہسپتالوں، لاری اڈوں ریلوے اسٹیشن اور ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے تاکہ پانچ سال سے چھوٹے تمام بچوں کو پولیوویکسین کے دو قطرے دئیے جا سکیں۔