کوئٹہ۔ 21 اپریل (اے پی پی):ضلع بارکھان میں سات روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے اسسٹنٹ کمشنر خادم حسین بھنگر کے ہمراہ سات روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح پانچ سال سے کم عمرکے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلاکر کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ أفیسر ڈاکٹر مجیب بگٹی بھی موجود تھے۔ڈی ایچ او نے بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ وہ ضلع بھر کی 14 یونین کونسلز میں پیدائش سے پانچ سال تک کی عمر کے 52132 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔
انہوں بتایا 14 یو سی ایم او اور 37 ایریا انچارج کی نگرانی میں 160 موبائل ٹیمیں کام کریں گی۔اس کے علاوہ 9 فکسڈ سنٹر اور پانچ ٹرانزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ کھوسو نے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو ہمارے ننھے معصوم بچوں کو اپاہج بنادیا ہے۔
اس سے بچائو کیلے تمام مکتبہ فکر کو محنت ولگن سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے علماء کرام،سیاسی و سماجی کارکنان اور معزز شہریوں سے کہا کہ وہ پولیو کے اس موذی مرض سے بچائو کے لیے عوام میں آگاہی فراہم کریں۔اگر کہیں کسی جگہ گائوں محلہ میں کوئی بھی بچہ رہ جائے تو فورا محکمہ صحت کا آگاہ کریں اور محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔