حیدرآباد۔ 23 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید نے کہا ہےکہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے، مستقبل کے معماروں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 26 مئی سے یکم جون 2025 تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گرم موسم کی وجہ سے ویکسین کی کول چین کو برقرار رکھنے کے معقول انتظامات کریں اور مائیکرو پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے مہم کی موثر نگرانی کے لئے پلان ترتیب دیا جائے ۔
یہ قومی فریضہ ہے اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دولت جمالی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے 5 سال سے کم عمر 5 لاکھ 105 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، تشکیل دی گئی ٹیمیں گھر گھر جاکر بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ اسپیشل برانچ انچارچ مقرب نے اجلاس کو پولیو ٹیموں اور ٹرانزٹ پوائنٹ پر انسداد پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے انتظامات کے بارے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبد المجید زہرانی، تمام تعلقہ کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیار کار، تعلقہ ہیلتھ آفیسرز، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جمشید قائم خانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ويلفيئر ديدار سولنگي رحیم، نمائندہ یونیسیف آفتاب احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600794