پولیو سے بچاؤ کے لیے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو قطرے پلواناوالدین کی قومی اور بنیادی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنربھکر

158
کمشنر کراچی کا انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں منگھو پیر سمیت مختلف علاقوں کا دورہ

بھکر۔ 14 دسمبر (اے پی پی):پولیو سے بچاؤ کیلئے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوانا والدین کی قومی اور بنیادی ذمہ داری ہے تاکہ نونہالان قوم کا مستقبل محفوظ بناکر انہیں صحت مندانہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر کئے جاسکیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان,ایم ایس ڈاکٹر ندیم رضا ملک سمیت دیگر متعلقہ ہیلتھ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو راؤنڈ 16 دسمبر سے 20 دسمبر تک جاری رہے گا جس کیلئے محکمہ ہیلتھ کی ٹیموں نے پلان مر تب کر لیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچہ کو پولیو سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو مہم کیلئے ڈیوٹی پر مامور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسی نیشن کے عمل سے محروم نہ رہ جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات بھی یقینی بنائے گئے ہیں۔