اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان کے حصول کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، پولیو ورکرز کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو پولیو کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر عائشہ رضافاروق کو پولیو مہم سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔ عائشہ رضافاروق نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہوئی جو 3 نومبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران اب تک 3 کروڑ 70 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد اور کراچی کی ہائی رسک یونین کونسلز کے دورے کی تفصیلات فراہم کیں۔ عائشہ رضا فاروق نے پولیو ورکرز سے مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل سنے اور فوری حل کے لئے متعلقہ افراد کو ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لئے معذور کر سکتا ہے، پولیو سے پاک پاکستان کے حصول کے لئے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پولیو ورکرز کی فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔