حیدرآباد۔ 03 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے کہا ہے کہ پولیو جیسے مرض سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہا ر انسدادِ پولیو مہم کا فیلڈ میں جاکر معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فنگر مارکنگ کی تاکہ یقینی بنایا جائے کہ اس بچے کی ویکسین ہوچکی ہے۔
انہوں نے پولیو ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے صحت کے عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے والدین کو پولیو ویکسین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں اپنے بچوں کو ہربار پولیو ویکسین پلوانے کی ترغیب دی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پولیو سے پاک معاشرے کے خواب کی تعبیر کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے محکمہ صحت کے افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ گھر گھر جاکر والدین رابطہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔