اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ پولیو وائرس کی موجودہ صورتحال ملک بھر کے بچوں کے لئے ایک سنگین خطرہ ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ہائی رسک یونین کونسل گوجرو کے دورہ کے دوران کیا ۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے پولیو مہم کا معائنہ کیا،پولیو ٹیموں سے ملاقات کی اور در پیش چیلنجز سے متعلق دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ 16 سے 22 دسمبر تک ملک کے 143 مخصوص اضلاع میں پولیو کے خلاف مہم جاری رہے گی،پولیو ورکرز ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کی خاطر آپ کے دروازے پر آ رہے ہیں۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ورکرز سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں کامیابی اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔