اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاہم کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو وائرس کا شکار نہ ہو، سندھ میں بھر پور انداز میں پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے گا، 15 اگست سے جنوبی خیبرپختونخوا میں اور 22 اگست سے ملک کے دیگر علاقوں میں انسداد پولیو مہم شروع ہورہی ہے، علماء کرام سول سوسائٹی میڈیا اور معاشرے کا ہر شخص پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے بچوں کے محفوظ مستقبل کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پولیو ایمرجنسی آپریشن سیل کے زیر اہتمام پولیو تدارک مہم کے حوالے سے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہونے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں پولیو کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور ایمرجنسی آپریشن سیل سندھ کے کوآرڈینیٹر نے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو سندھ میں پولیو کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ترجمان وزارت نے بتایاکہ وفاقی وزیر نے گنجان آبادی کے باوجود سندھ میں پولیو کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کا کردار انتہائی اہم اور قابل تعریف ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیو کی تکنیکی ٹیم سائنٹیفک بنیادوں پر پولیو کے خاتمے کے لئے جامع حکمت عملی پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے جس کے لئے مزید بہتری لائی جائے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قومی صحت پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے ایک مربوط حکمت کے تحت کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت پولیو مہمات کے انعقادسے حکومت کی پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ 15 اگست سے جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیو مہم شروع ہوگی جبکہ 22 اگست سے ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی مہم شروع ہورہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علماء کرام سول سوسائٹی میڈیا اور معاشرے کا ہر شخص پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا بھر پور کرادا ادا کرے، انہوں نے کہا کہ والدین بھی اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں یہ ایک قومی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے ، آئیں سب مل کر پولیو وائرس کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں۔