32.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومعلاقائی خبریںپولیو کا خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، کمشنر سکھر

پولیو کا خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، کمشنر سکھر

- Advertisement -

سکھر۔ 22 مئی (اے پی پی):کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے، بچوں کے تحفظ کے لیے تمام ادارے باہمی رابطے کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی مجموعی کارکردگی اچھی ہے اور مستقبل میں بھی یہی کارکردگی برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقل انکاری کیسز تک رسائی کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کی مدد حاصل کی جائے تاکہ کوئی بھی بچہ غیر محفوظ نہ رہے۔ کمشنر سکھرنے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح کی طرح پولیو ٹیموں کی کارکردگی ضلعی سطح پر معلوم کرنے کے لیے ایک اسکورنگ کارڈ متعارف کرایا جائے، پولیو مہم کے دوران کوئی بھی مسئلہ پیش آنے پر فوری طور پر متعلقہ ایس ایس پی، ڈپٹی کمشنر اور کمشنر آفس کو آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ پولیو مہم کے کام کو محض ایک نوکری نہیں بلکہ ایک قومی خدمت سمجھ کر انجام دیا جائے، کمشنر سکھر نے صحت کے عملداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عملے سے کام نہ لینا انتظامیہ کی کمزوری ہے، لہٰذا انتظامی مہارتوں کو بہتر بنایا جائے۔ صحت سے متعلق وہ ملازمین جو پولیو مہم کے دوران فیلڈ اور دفاتر میں غیر حاضر رہیں، ان کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اعلیٰ حکام کو لکھا جائے۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے پی پی ایچ آئی کے ریجنل ڈائریکٹر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے تمام ای پی آئی سینٹرز کو فعال بنایا جائے, ای پی آئی سینٹرز پی پی ایچ آئی کی نگرانی میں کام کرتے ہیں جہاں ویکسی نیٹرز اور دیگر عملے کی غیر موجودگی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ای پی آئی سینٹرز کا ذاتی حیثیت میں دورہ کریں۔

- Advertisement -

کمشنر سکھرنے پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے کم کارکردگی دکھانے والی یونین کونسلز کے یو سی ایم اوز اور ایریا انچارجز کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے اندر زیرو ڈوز کوریج سے رہ جانے والے بچوں پر توجہ بڑھائی جائے۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے پولیو سے متعلقہ اداروں کے عملداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہیٹ ویو کے دوران پولیو ٹیموں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے او آر ایس، چھتریوں اور برف کا انتظام کیا جائے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ آئندہ پولیو مہم کے لیے سیکیورٹی کے حوالے سے تیاری مکمل ہے، پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اجلاس کو تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پولیو مہم کے لیے تیاری مکمل ہے، اور گزشتہ پولیو مہم میں پیش آنے والے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مائیکرو پلان تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مہم میں ہدف پورا کیا گیا تھا اور آئندہ مہم میں 100 فیصد ہدف مکمل کیا جائے گا، جن ای پی آئی سینٹرز پر ویکسی نیٹرز کی کمی ہے، وہاں کے اسٹاف کو تربیت دے کر ویکسی نیٹرس کا کام لیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو ڈاکٹر جمیل نے ڈویژن کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ پولیو مہم 26 مئی سے شروع ہو رہی ہے، اور کم کارکردگی دکھانے والی یونین کونسلز پر اس مہم میں زیادہ توجہ دی گئی ہے، جن یونین کونسلز کے اندر زیرو ڈوز کوریج کے مسائل ہیں، انہیں ہائی لائٹ کیا گیا ہے، ٹیموں کی ٹرئننگز کرائی گئی ہیں اور مائیکرو پلان کے تحت تیاری مکمل ہے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ، ڈی سی سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو ڈی سی خیرپور فیاض حسین راہوجو، ڈی سی گھوٹکی سید محمد علی، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر ندیم، ریجنل ڈائریکٹر پی پی ایچ آئی سراج الدین، تینوں اضلاع کے ڈی ایچ اوز

تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی سمیت صحت، پولیو، تعلیم، ڈبلیو ایچ او، پولیس اور دیگر متعلقہ عملداروں نے شرکت کی۔

 

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600319

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں