اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے ۔کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر پولیو کا دورہ کیا ۔وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو عائشہ رضا فاروق بھی موجود تھیں ۔اس موقع پر پولیو پروگرام کی جانب سے ڈاکٹر مختار بھرتھ کو جاری پولیو مہم پر بریفنگ دی گئی۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ جاری پولیو مہم میں پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے ۔وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے ۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ہائی رسک ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کیلئے جامع پلان تشکیل دیا ہے ۔9 ستمبر سے 15 ستمبر تک 115 اضلاع میں پولیو مہم جاری رہے گی ،پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی ،2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے ۔وفاق اور صوبے مل کر پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائنز پولیو ورکرز ہمارے اصلی ہیروز ہیں ،پولیو کے خاتمے کیلئے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ، پولیو کے خاتمے کی جنگ والدین کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے انسداد پولیو کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں ، پولیو کا خاتمہ ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ والدین سول،سوسائٹی ،میڈیا ،علماء کرام اور مذہبی سکالرز پولیو کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔