لاڑکانہ۔ 21 مئی (اے پی پی):کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس مہم کو ہر صورت میں کامیاب بنایا جائے، ساتھ ساتھ سکیورٹی انتظامات بھی سخت کیے جائیں اور عوام کو بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے حوالے سے آگاہی و شعور فراہم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژنل پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں گزشتہ پولیو مہم پر غور کیا گیا اور 26 مئی 2025 سے شروع ہونے والی مہم کے لیے حکمت عملی تیار کی گئی۔کمشنر نے کہا کہ ٹیموں کو گھر گھر بھیج کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مہم کے دوران درست سروے کریں۔ انہوں نے پولیس افسران کو حکم دیا کے سکیورٹی انتظامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیہاتوں میں جانے والی ٹیموں کی نگرانی ضروری ہے اور ڈویژنل سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جس میں متعلقہ افسران کے نمائندے موجود ہوں گے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کنٹرول روم کو دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کے دوران سکیورٹی بہت بہتر رہی اور اس میں رینجرز کا بھی اہم کردار رہا۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کو بہتر تربیت دی جائے،لاڑکانہ ڈویژن سے ملنے والی تمام سرحدوں پر نظر رکھی جائے جہاں سے لوگ سندھ میں داخل ہوتے ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ وجاہت غفور میرانی، ڈپٹی کمشنر قمبر شہداد کوٹ امداد علی ابڑو جبکہ ڈپٹی کمشنر کشمور کندھ کوٹ، جیکب آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈی ایچ اوز، پی پی ایچ آئی، ای پی آئی، پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599758