بھکر۔ 28 مارچ (اے پی پی):پاکستان میں پولیو جیسی موذی مرض کے خاتمہ کیلئے سوسائٹی کے تمام افراد علمائے کرام اور بالخصوص بچوں کے والدین ہیلتھ ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جاسکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف کو سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ21 اپریل سے 25 اپریل تک جاری رہنے والی پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 365862بچوں کو پولیوسے بچاؤ کیلئے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلوائے جائیں گے اس سلسلہ میں 1500 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنرمحمد اشرف نے کہا کہ پولیو راؤنڈ کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائیگی تحصیلوں کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو واچ کریں گے ریفیوزل کیسز سامنے آنے کی صورت میں فوری متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اطلاع دی جائے۔انہوں نے کہا کہ راؤنڈ کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو جانچنے کیلئے ضلع بھر میں سخت انسپکشن کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اجلاس میں انہوں نے کہا کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے والدین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں اسی طرح علمائے کرام بھی اس قومی فریضہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576998