مظفرگڑھ۔ 05 جنوری (اے پی پی):محکمہ صحت کے زیر اہتمام عوا م میں پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے شعور اجاگر نے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان، انجمن تاجران، سول سوسائٹی اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صحت ڈاکٹر ظفر عباس نے کہا کہ2 ممالک کے علاوہ جس میں پاکستان بھی شامل ہے دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس کے مستقل خاتمے کیلئے اپنے 5 سال تک کی عمر کے ہر بچے کو ہر بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں اور اپنے ارد گرد مقیم والدین کو بھی اس کی ترغیب دیں اگر ہر فرد اپنی اپنی سطح پر کوشش کرے تو وہ دن دور نہیں جب ہم اس مرض کو ملک بھر سے ختم کردیں گے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار حید ر نے کہا کہ ملک سے پولیو کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ اس وقت ممکن ہے جب معاشرے کے ہر طبقہ اور ہر فرد اس کے خلاف کھڑا ہو اور ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے ذمہ داری سے پلائے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسد نے کہا کہ کمیونٹی اور سول سوسائٹی کے توجہ کے بغیر ہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے۔