پوٹاش کا استعمال گندم کے دانے کا وزن بڑھانے، فصل کو بیماریوں سے محفوظ اور گرنے سے بچانے میں انتہائی معاون ہے، ترجمان آری

145
ملک میں 8 سال کے دوران گندم کے تصدیق شدہ بیج کی دستیابی کی شرح 39تا 59 فیصد رہی

فیصل آباد۔ 18 نومبر (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کہا کہ پوٹاش کا استعمال گندم کے دانے کا وزن بڑھانے، فصل کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور گرنے سے بچانے میں انتہائی معاون ہے جبکہ جدید طریقہ کاشت سے 60 من فی ایکڑ تک گندم کی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے لہٰذا کاشتکار پوٹاش کے استعمال سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ بمپر کراپ کاحصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے بتایاکہ اگر سفارش کردہ مقدار کے مطابق بیج کی بوائی اور جڑی بوٹیوں پر بروقت قابو پانے سمیت بیج کو دوائی لگا کر کاشت کیاجائے تو فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ تحفظ نباتات کے اصولوں کے مطابق نوکیلے اور چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں بشمول باتھو، لہلی، لہیہ وغیرہ کو کنٹرول کرنے کیلئے پہلے پانی کے بعد وتر حالت میں سپرے کرنا چاہیے جبکہ نوکیلے و چھوٹے پتے والی جڑی بوٹیوں بشمول دنبی سٹی، جنگلی جئی کو کنٹرول کرنے کیلئے دوسرے پانی کے ساتھ سپرے اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو پیداوار بڑھانے کیلئے اس عز م کا اعادہ کرناچاہیے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استفادہ سمیت ماہرین زراعت کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید مشاورت اور رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔