اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے رومن کیتھولک چرچ کے پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پوپ فرانسس ایک مدبر، انسان دوست اور بین المذاہب مکالمے کے داعی رہنما تھے جنہوں نے اپنے دورِ قیادت میں دنیا بھر میں امن، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا پیغام عام کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاپ فرانسس نے دنیا کو نفرت، تقسیم اور تشدد کے بجائے محبت، برداشت اور اخوت کا راستہ اپنانے کی تلقین کی۔ ان کا انداز قیادت عاجزی، سادگی اور خدمت پر مبنی تھا، جو دنیا بھر کے عوام کے دلوں میں گھر کر گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے پوپ فرانسس کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی وفات مسیحی برادری کے لئے ایک عظیم نقصان ہے۔چیئرمین سینیٹ نے ویٹیکن، مسیحی برادری اور بالخصوص پاکستان میں مسیحی برادری سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585053