
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار ا حمد بھرتھ نے کہا ہے کہ ’’پوچھو ہیلتھ ہیلپ لائن ‘‘جنسی اور تولیدی صحت، خاندانی منصوبہ بندی اور زچگی کے بارے قابل اعتماد معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی بالخصوص صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں تک رسائی محدود ر کھنے والے علاقوں کے لئے ایک لائف لائن کے طور پر کام کرتی ہے۔
پوچھو ہیلتھ ہیلپ لائن بارے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’پوچھو ہیلتھ ہیلپ لائن ‘‘مانع حمل کے بارے میں بروقت مشاورت اور رہنمائی فراہم کرے گی ،ہیلپ لائن کال کرنے والوں کو مانع حمل ادویات اور تولیدی صحت کی معلومات فراہم کرے گی ،خاندانی منصوبہ بندی ماں اور بچے کی صحت،قومی ترقی، اقتصادی استحکام صحت کے لئے بہت ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس حوالے سے بروقت معلومات کی فراہمی کاعزم اور اقدامات بہتر تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کو یقینی بناتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی ماں اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کو کم کرتی ہے ،خاندانی منصوبہ بندی سے ما ں اور نوزائیدہ بچے کی صحت کو براہ راست فائدہ ہوتا ہے
،صحت کے عالمی اہداف حاصل کرنے کے لئے زچگی کی شرح اموات کو کم کرنا ہو گا ۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ خواتین کو تولیدی طور پر بااختیار بنانا خاندانی اورمنصوبہ بندی کو ترجیح دینا بہت ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ ورکرز مانع حمل اور خاندانی منصوبہ بندی آگاہی اور خدمات کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں ۔