پٹرولنگ پولیس موبائل ایجوکیشن یونٹ فیصل آبادکا ہائی ویز پر روڈ سیفٹی شو ،گنے کی ٹرالیوں اورسست رفتار گاڑیوں کے پیچھے ریفلیکٹرزبھی چسپاں کئے

163

فیصل آباد ۔ 04 دسمبر (اے پی پی):ایس ایس پی پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال کی ہدایت پر پٹرولنگ پولیس کے موبائل ایجوکیشن یونٹ نے فیصل آباد کی مختلف ہائی ویز پر روڈ سیفٹی شو زکا انعقاد کیا۔انچارج موبائل ایجوکیشن یونٹ سب انسپکٹرشاہد ندیم نے شہریوں کو روڈ سیفٹی و ٹریفک رولز اوردھند میں حادثات سے بچاؤسے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

گاڑی میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں،بیک لائٹس کو ٹھیک رکھیں،تیز رفتاری سے گریز کریں ، شدید دھند میں قافلے کی صورت صفر کریں، ٹریفک قوانین کا احترام کریں، اپنی لین میں گاڑی چلائیں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں، سیٹ بیلٹ اور ہیلٹ کا استعمال لازمی کریں، اوور لوڈنگ مت کریں،مقابلہ بازی مت کریں، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال سے گریز کریں۔

انہوں نے مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کو ہدایت کی کہ ٹرکس کی بیک لائٹس درست حالت میں رکھیں اور چمکدار پٹیوں کا استعمال لازمی کریں، انتہائی بائیں لین میں ٹرک چلائیں، ڈبل انڈیکیٹر کا استعمال کریں، غیر ضروری اوورٹیک مت کریں،اچانک بریک مت لگائیں، رات کے اندھیرے میں اپنی اور دوسروں کی زندگی کو بچانے کےلئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔اس دوران شہریوں کو بتایا گیا کہ کسی بھی ایمرجنسی یا حادثے کی صورت پٹرولنگ پولیس ہیلپ لائن1124پر کال کریں۔

علاوہ ازیں شہریوں اور ڈرائیورز میں روڈ سیفٹی و ٹریفک رولز سے متعلق معلوماتی و آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔