لاہور۔4مئی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے اقتصادی ترقی تیز اور اہم شعبوں میں پیداواری لاگت کم ہوتی ہے۔
اتوار کو یہاں سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی میاں زاہد اقبال آرائیں کی قیادت میں صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ، زراعت اور ٹرانسپورٹیشن ایندھن پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے بزنس کے آپریشنل اخراجات میں کمی آتی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بجلی کے اخراجات میں کمی سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ،پیداواری و برآمدی مسابقت بہتر اور برآمدات میں اضافے سے تجارتی خسارے میں کمی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے سے سرمایہ کاری، ملازمتوں کی تخلیق اور پائیدار ترقی کے لیے ماحول سازگار ہوتا ہے جس کے مثبت اثرات قومی اور عوامی سطحوں پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592123