پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں دس ماہ کے دوران 118.71 فیصد اضافہ ہوا،پی بی ایس

128

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):پٹرولیم مصنوعات کی قومی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران 118.71 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں جولائی 2024 تا اپریل 2025کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات کا حجم 492.04 ملین ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی برآمد سے 224.97 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی برآمدات میں 267.07 ملین ڈالریعنی 118.71 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران مقامی ریفائنریز میں تیار کی جانے والی 11مختلف پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں مجموعی طور پر 4.48 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈیزل کی پیداوار میں 9.32فیصد اور پٹرول کی مقامی پیداوار میں 1.97فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

اسی طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران فرنس آئل کی پیداوار میں 2.73 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے۔