اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر6.42فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2025میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر1.345ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 6.42فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 1.264ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
جون کے مقابلے میں جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر2.68 فیصد اضافہ ہوا ۔ جون میں پٹرولیم مصنوعا ت کی درآمدات کا حجم 1.310ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا ۔واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے مہینے میں ملکی درآمدات میں مجموعی طور پر29.25فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ جولائی میں ملکی درآمدات کا حجم 5.44ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال جولائی میں 4.21ارب ڈالر تھا۔