اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جمعرات کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں چار روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اضافہ کیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 127.30 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 122.04 روپے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 99.51 روپے اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99.31 روپے ہو گی۔ اعلامیہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل 15 دن کے لئے ہو گا۔
اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ اضافے کی سفارش کی تھی تاہم وزیراعظم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے تجاویز کے برعکس قیمتوں میں کم اضافے کا فیصلہ کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں خطے کے دوسرے ممالک سے کم ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد ہو گا۔