اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کیلئے پرائس کنٹرول میکنزم کو فعال کیا جائے۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے تناظر میں وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کو پرائس کنٹرول کے سخت طریقہ کار کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے تمام وزراء اعلیٰ سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ضروری اشیاء اور خدمات کی قیمتیں اسی طرح کم کی جائیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستانی عوام کو منتقل کرنے کی طرف تمام کوششیں مرکوز کی جائیں اور اس پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔