اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈویژن کے تحت کام کرنے والی کمپنیوں کے 5 بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو جلد ہو جائے گی۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوئی ناردن گیس پائپ لائنز، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، او جی ڈی سی ایل، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ مکمل کئے جائیں گے، تمام ارکان میرٹ پر لئے جائیں گے، صوبائی نمائندگی کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، پاکستان کی کارپوریٹ تاریخ میں پہلی دفعہ اہل اور تعلیم یافتہ خواتین کو تمام بورڈز میں نمائندگی دی گئی ہے، رولز کے تحت ہر بورڈ میں ایک خاتون موجود ہے، پی ٹی آئی حکومت نے بورڈز میں صوبوں اور خواتین کو نمائندگی دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ تمام ڈائریکٹرز غیر سیاسی بنیادوں پر رکھے جائیں گے جبکہ پی ایس او کا بورڈ پہلے ہی مکمل کرلیا گیا تھا۔