اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2020-21ءکے تحت پٹرولیم ڈویژن کے جاری اور نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر ایک ارب 78 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے۔ جمعہ کو جاری ہونے والے پی ایس ڈی پی کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران پٹرولیم ڈویژن کی5 نئی سکیموں پر ایک ارب 66 کروڑ روپے سے زائد اور تین نئی سکیموں پر 12 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں رشکئی اقتصادی زون میں30 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کیلئے ایک ارب 15 کروڑ 30 لاکھ روپے، دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کو 13.5 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کیلئے 30 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد، اسلام آباد، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور پشاور میں ایچ ڈی آئی پی کی ٹیسٹنگ سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے 10 کروڑ روپے اور کراچی میں ایچ ڈی آئی پی کی لیبارٹریوں کی بہتری اور آئی ایس او سرٹیفکیشن کیلئے 5 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔