پچھلے مالیاتی سال کی نسبت درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی ہوئی ، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس امر کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ پچھلے مالیاتی سال کی نسبت درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے جبکہ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت …

اسلام آباد ۔ 12 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس امر کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے کہ پچھلے مالیاتی سال کی نسبت درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کی وجہ سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے جبکہ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت معیشت سے وابستہ تمام کاروبار کی دستاویز بندی کر کے حکومتی دائرہ اختیار میں لائے اور سمگلنگ کی لعنت کا قلع قمع کرے۔ جمعرات کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی اعتبار سے وطن عزیز اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ حکومت کو کرنٹ اکاو¿نٹ اور بجٹ خسارہ اور گردشی قرضے ورثے میں ملے۔ ملکی قرضہ جات بھی انتہائی حدود سے زیادہ تھے۔ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر تھی۔ ہمارے محصولات کاایک بڑا حصہ قرضوں کی ادائیگی میں صرف ہو جاتا ہے اور ترقیاتی کاموں کے لیے خاطر خواہ وسائل نہیں بچتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان2015ءمیں ہزاریہ ترقیاتی اہداف پورے نہ کر سکا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول اور عام آدمی تک ان کے ثمرات کو پہنچانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام متعلقہ اداروں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ایک مربوط حکمت عملی کی بدولت پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی جانب مثبت پیش رفت کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کسی بھی قوم کی معیشت کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بین الاقوامی تعلقات میں بھی مشکلات پیدا کرتی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت معیشت سے وابستہ تمام کاروبار کی دستاویز بندی کر کے حکومتی دائرہ اختیار میں لائے اور سمگلنگ کی لعنت کا قلع قمع کرے۔