ڈڈیال۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آج پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں ایک نڈر ، بہادر، خوددار لیڈر ملا ہے جس نے عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بہادری اور جرات کے ساتھ پیش جو کشمیر کا حقیقی سفیرہے ، ہم نے وہ حکمران بھی دیکھے جنہوں نے راجیو گاندھی کی آمد پر اسلام آباد سے کشمیر کے بورڈ زاتارے، وہ مناظر بھی دیکھے جب نواز شریف نے نریندر مودی کو جاتی امرا اپنے گھر بلایا اورجندال کوگھر میں بطور دوست بلانے والوں کو بھی جانتے ہیں،کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کرنے والے اور لاڑکانہ کو ایڈ زدہ کرنے والے اب آزادکشمیر کو بدلنے کی باتیں کر رہے ہیں، جس طرح گلگت بلتستان کے عوام کے لئے پہلی بار غربت کے خاتمے، صحت، تعلیم، سیاحت اور روڈ انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے اربوں روپے رکھے گئے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈدیال میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے الیکشن سے پہلے ہی کامیابی کی نوید سنا دی ہے اور وزیر اعظم عمران خان، تحریک انصاف اور اسکے امیدوار کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، آپ یہ جوش اور ولولہ الیکشن تک برقرار رکھیں اور گھر گھر جاکر تحریک انصاف کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں ایک نڈر ، بہادر، خوددار لیڈر ملا ہے جس نے عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بہادری اور جرات کے ساتھ پیش کیا ہے ، آج پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں خوددار لیڈر ملا ہے جو کشمیر کا حقیقی سفیر ہے اور دنیا کی آنکھوإ میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے جس نے قوم کا سر فخر سے بلندکر دیاہے ۔
مراد سعید نے کہا کہ وہ زمانہ گزر چکا جب ایک فون پر ڈو مور کا حکم ملتا اور اڈے دے دیئے جاتے تھے، مگر عمران خان واحد لیڈر ہے جو دنیا کی آنکھوں ٰمیں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران وہ ہوتا ہے جو خوددار ہو اور وزیر اعظم عمران خان وہ خوددار لیڈر ہے جو قوم کی خودداری پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گا۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا فخر ہیں انہیں باہر بیٹھ کر بھی ملکی مسائل کا ادراک ہے ہم تارکین وطن کو ووٹ کا حق دلائیں گے یہ واحد حکومت ہے جس نے تارکین وطن کے ووٹ کے حق کے لئے کوئی عملی قدم اٹھایا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ پرچی والے چیئر مین کو عوام کی نہیں بلکہ اپنے ابو کی کرپشن بچانے کی فکر ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے پوچھا جائے کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے لئے کیا کیا صحت، سیاحت ، روڈ انفراسٹرکچر، نوجوانوں کے روزگاراور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کیوں اقدامات نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے اقتدار کے لئے باریاں لگا رکھی تھیں ،جو ایک صوبے میں کتے کے کاٹے کی ویکسین تک فراہم نہ کر سکے وہ یہاں کیا تبدیلی لائیں گے، سندھ میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کرنے والے اور لاڑکانہ کو ایڈ زدہ کرنے والے اب آزادکشمیر کو بدلنے کی باتیں کر رہے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان کے عوام کے لئے پہلی بار غربت کے خاتمے، صحت، تعلیم، سیاحت اور روڈ انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے اربوں روپے رکھے گئے اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے، ترقی وخوشحالی، عوامی خدمت اور خود داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 25تاریخ کو آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا، آزاد کشمیر میں بلے کو ووٹ دے کر عوام اپنی قسمت بدلیں گے، جلسے سے ثابت ہو گیا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔