پچیس جولائی کا سورج آزاد کشمیر میں تبدیلی کی علامت بن کر ابھرے گا، فرزند زرداری اپنی سی وی سمیت امریکا روانہ ہو رہے ہیں، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل کا اظہار

55

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملکی مفاد اور قومی وقار کو مقدم رکھتے ہوئے امریکا کو اڈے دینے سے انکار کیا جبکہ فرزند زرداری پرسوں اپنی سی وی سمیت امریکا روانہ ہو رہے ہیں، آزاد کشمیر کے لوگوں نے انتخابی مہم کے آغاز پر ہی تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے، عمران خان نے بہترین انداز سے کشمیر کا مقدمہ لڑا اور کشمیریوں کے سفیر بنے۔

بدھ کو پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھر پور انداز میں اجاگر کیا، کشمیری جانتے ہیں کہ ان کا حقیقی ترجمان کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری پرچی لہرا کر آزاد کشمیر پہنچ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی طرح آزاد کشمیر میں بھی شکست ان کا مقدر بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ دھاندلی کا رونا روئیں گے کیونکہ انہیں شکست صاف نظر آ رہی ہے، دھاندلی نہیں ، ان کے کرتوت ان کی شکست کی وجہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور روشنیوں کے شہر کو کچرے کے ڈھیر میں بدل دیا ، اس پر عوام آپ کو معاف نہیں کریں گے۔ مراد سعید نے کہا کہ فرزند زرداری بتائیں راجیو گاندھی کی آمد پر کشمیر کے بورڈ کیوں ہٹوائے۔ مودی کو گھر بلانے ”ڈو مور“ کے آگے سر جھکانے اور جندال کو بغیر ویزے کے مری کی سیر کرانے والے کشمیریوں کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ ہم کشمیر میں دو تہائی اکثریت سے فتح یاب ہوں گے۔ 25 جولائی کا سورج آزاد کشمیر میں تبدیلی کی علامت بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرسوں سے جلسوں سے خطاب کروں گا، جمعہ کو ایک ہفتہ اور اتوار کو دو دو جلسوں سے خطاب ہوگا۔