پچیس مئی کو بھارت یاسین ملک کے ساتھ کچھ بھی کرسکتا ہے، پرامن کشمیری لیڈر پر دہشت گردی کا الزام لگا دیا گیاہے ، مشال ملک

206
گورنر پنجاب سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ مشعال حسین ملک کی ملاقات

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):سینئر حریت رہنما یاسین ملک کی ہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ 25 مئی کو بھارت کچھ بھی کرسکتا ہے، ایک پرامن کشمیری لیڈر پر دہشت گردی کا الزام لگا دیا گیاہے ،وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اپیل ہےکہ ان کا کیس لڑنے میں ہماری مدد کرے ۔

پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہاکہ یاسین ملک کو پھانسی یا عمر قید کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یاسین ملک کو جیل میں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کوکوئی قانونی معاونت نہیں دی جا رہی ۔ ان کے وکیل راجہ طفیل کو ذہنی تشدد کے باعث برین ہیمرج ہو گیا تب یاسین ملک نے اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پر امن کشمیری لیڈر پر دہشت گردی کو غداری کا الزام لگادیا گیا۔

انہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ اس کیس کولڑنے میں ہماری مدد کرے۔ انہوں نے کہاکہ یاسین ملک امن و آزادی کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ8 سال ہو گئے ہیں میں نے اپنے شوہر کو نہیں دیکھا۔ جس طرح کلبھوشن کو اہل خانہ سے ملوایا گیا اسی طرح مجھے بھی یاسین ملک سے ملنے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جو قربانی کشمیری دے رہے ہیں اس سے روح کانپ جاتی ہے ۔

بھارتی جیل میں قید میں ان کے شوہر کو زہردے کر مارنے کی کوشش بھی کی گئی اور اب 25 مئی کو انہیں یکطرفہ طور پر سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔ مودی حکومت آئندہ انتخاب کی تیاری اور ہندوتوا کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے یاسین ملک کو پھانسی دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر ڈھانے جانے والےمظالم پردنیا خاموش ہے۔ یاسین ملک کےحق اور بھارتی مظالم کے خلاف پوری دنیا میں آواز اٹھائیں گے۔