پڑھا لکھا بلوچستان بی این پی کا ہمیشہ سے ویژن رہا ہے کامسیٹس یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس کا قیام بھی اس تسلسل کی ایک کڑی ہے ،وفاقی وزیرآغا حسن بلوچ

118

کوئٹہ۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور سردار اختر جان مینگل کے تعلیم دوست اقدامات کی وجہ سے آج ہم بلوچستان میں ایک اور سنگ میل عبور کر رہے ہیں۔ پڑھا لکھا بلوچستان بی این پی کا ہمیشہ سے ویژن رہا ہے کامسیٹس یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس کا قیام بھی اس تسلسل کی ایک کڑی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کوئٹہ میں کامسیٹس یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،وفاقی وزیر نے اپنے ترقیاتی فنڈز سے کا مسیٹس کوئٹہ کیمپس کے لئے ہرسال دو کروڑ روپے کی فراہمی کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے طلباءبہت باصلاحیت ہیں جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اگران کوٹیکنیکل ایجوکیشن کی سہولیات فراہم کی جائے تو وہ ملک میں ٹیکنیکل میدان میں بھی اپنا لوہا منوئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے تعلیم کے میدان میں ترقی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کے مارچ سے کیمپس میں کلاسز کا آغاز کردیا جائے آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہونے کے ناطے بلوچستان کو ترقی کے میدان میں پاکستان کے باقی صوبے کے برابر لانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، پی ایس کیو سی اے، پاکستان حلال اتھارٹی ، اور پی سی ایس آئی آر کے دفتروں کا قیام بھی ہماری مرہون منت ہیں وفاقی وزیر نے اس موقع پر یونیورسٹی آف بلوچستان میں ایک ارب کی لاگت سے آئی ٹی پارک کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

تقریب سے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شہناز نصیر بلوچ، ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد محمد تبسم ، چیئرمین پی سی ایس آئی آر سید حسن عابدی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان پروفیسر ڈاکٹرشفیق الرحمان، وی سی تربت یونیورسٹی ڈاکٹر جان محمد بلوچ، وی سی ایس بی کے یونیورسٹی ساجدہ نورین اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ تقریب کے آخر میں مختلف شخصیات کو اعزازی شیلڈز بھی دی گئیں۔